راولپنڈی (ویب ڈیسک) دہشتگردی کے خلاف جنگ کی تاریخ میں پہلی بار یہ واقعہ پیش آیا کہ کسی فوج نے مختصر وقت میں انتہائی کامیاب آپریشن کرتے ہوئے اپنے ملک کے طول و عرض سے دہشتگردوں کا صفایا کر ڈالا۔ یہ منفرد اور شاندار کامیابی پاک فوج نے حاصل کی، جس کا ایک اہم باب سوات آپریشن تھا۔ پاک آرمی نے یہ شاندار کارنامہ کس طرح سرانجام دیا، اور اس نوعیت کے پرخطر آپریشن کا حصہ ہونا کیسا محسوس ہوتا ہے؟ یہ سب آپ بھی جان سکتے ہیں، اور وہ بھی کچھ ایسے انداز میں کہ گویا آپ خود اس آپریشن کا حصہ ہوں۔
ویب سائٹ Dawn.com کے مطابق پاک آرمی نے Glorious Resolve کے نام سے ایک گیم متعارف کروائی ہے جسے کھیلتے ہوئے آپ بھی سوات کی وادی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کر سکتے ہیں ۔ یہ ایک بڑی گیم ہے کیونکہ اس میں میدان جنگ کے وسیع و عریض نقشے بھی شامل ہیں۔ اس کے مختلف مراحل ہیں جن میں بتدریج کامیابی کے بعد آپ آگے بڑھتے چلے جاتے ہیں۔ موبائل فون پر آپ یہ گیم ڈاﺅن لوڈ کرسکتے ہیں لیکن اسے چلانے کیلئے آپ کے فون کی میموری اور پروسیسر بہت اچھا ہونا چاہیے۔اس گیم میں آپ جدید ترین اسلحے اور حتیٰ کہ ہیلی کاپٹر کے استعمال سے دہشتگردوں کو نشانہ بناسکتے ہیں۔ گیم کا آغاز آئی ایس پی آرکی بریفنگ سے ہوتا ہے جس میں جنگ میں مصروف فوجیوں کے کلپ بھی شامل ہیں۔ گیم کے آغاز میں ہی آپ کو اپنے عہدے کا بھی انتخاب کرنا ہوتا ہے اور پھر اسی حساب سے آپ کو ذمہ داریاں بھی دی جاتی ہیں۔
جنگ کا علاقہ خاصہ وسیع ہے لہٰذا اس کی سوج بوجھ حاصل کرنے میں آپ کو کافی محنت درکار ہوگی۔ شاندار کارکردگی پر آپ کو انعامات اور تمغوں سے بھی نوازا جاتا ہے۔ اس منفرد گیم کے ذریعے آپ ناصرف دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کےلئے نیا جوش و جذبہ محسوس کرتے ہیں بلکہ سوات کی خوبصورت وادیوں اور یہاں کئے گئے آپریشن کی قابل فخر کامیابیوں سے بھی واقفیت حاصل کرتے ہیں۔